بنوں کینٹ حملہ ناکام، 16 دہشتگرد ہلاک، 5 جوان وطن پر قربان

5 مارچ 2025، اردو میڈیا پاکستان
چیف رپورٹر: امتیاز علی عباسی، اسلام آباد
راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے کینٹ میں دہشت گرد حملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 16 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ شدید جھڑپوں میں 5 بہادر فوجی وطن پر قربان ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 4 مارچ کو دہشت گردوں نے بنوں کینٹ کی سکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم پاکستانی سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ دہشت گردوں نے بارود سے بھری دو گاڑیاں حفاظتی دیوار سے ٹکرائیں، مگر سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں 4 خودکش بمبار بھی شامل تھے۔
اس جھڑپ میں 5 بہادر فوجی مادر وطن پر قربان ہو گئے، جبکہ خودکش دھماکوں کی وجہ سے حفاظتی دیوار کا کچھ حصہ منہدم ہوا، جس کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ بدقسمتی سے ایک مسجد اور رہائشی عمارت تباہ ہو گئیں، جس کے نتیجے میں 13 بے گناہ شہری شہید اور 32 زخمی ہو گئے۔
افغانستان سے دہشت گردی کی منصوبہ بندی کا انکشاف
آئی ایس پی آر کے مطابق، خفیہ اداروں کی تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ اس حملے میں افغان شہری براہ راست ملوث تھے، اور حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود دہشت گرد سرغنوں نے کی تھی۔
ترجمان پاک فوج نے افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے، جبکہ پاکستان اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور ہمارے بہادر فوجیوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں ہمیں مزید مضبوط کرتی ہیں۔
اردو میڈیا پاکستان کو سوشل میڈیا پر فالو کریں، مزید خبروں کے لیے ہمارے ساتھ جڑے رہیں۔
ٹیگز:
#بنوں_حملہ #پاک_فوج #آئی_ایس_پی_آر #دہشتگردی #پاکستان #افغانستان #سکیورٹی_فورسز #اردو_میڈیا_پاکستان