نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کا خواتین کے عالمی دن پر پیغام
پاکستان سمیت دنیا بھر کی عورتوں کو خواتین کے عالمی دن پر مبارکباد
تاریخ: 08 مارچ 2025 | وقت: 10:30 صبح
رپورٹ: امتیاز علی عباسی، چیف رپورٹر اسلام آباد
اردو میڈیا پاکستان۔ ڈیجیٹل نیوز نیٹ ورک پاکستان
پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پاکستان سمیت دنیا بھر کی خواتین کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد خواتین کی شراکت، خدمات اور ان کے حقوق کو اجاگر کرنا اور تسلیم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے آئین پاکستان میں عورتوں کے حقوق کو یقینی بنایا، جبکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو خواتین کے لیے روشنی کا مینار ہیں۔
شیری رحمان نے مزید کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے 1995 میں بیجنگ میں منعقدہ چوتھی عالمی کانفرنس برائے خواتین میں خواتین کی معاشی آزادی، سماجی مساوات، اور تعلیم پر زور دیا تھا۔ انہوں نے عملی اقدامات کے ذریعے عورتوں کو مرکزی دھارے میں لا کر انہیں بااختیار بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بی بی شہید کے نقش قدم پر چلتے ہوئے خواتین کی تعلیم، ہنر مندی اور مالی خودمختاری کو یقینی بنانا ہوگا۔ پیپلز پارٹی خواتین کو بااختیار بنانے اور مساوات کے لیے اٹھائے گئے ہر قدم کی حمایت کرے گی۔
شیری رحمان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی نے خواتین کی تعلیم، صحت، معاشی اور مجموعی بہبود کے حوالے سے تاریخ ساز اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پالیسیوں اور اقدامات کے سلسلے کو جاری رکھیں گے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ خواتین کے لیے ایک روشن اور جامع مستقبل کو یقینی بنانے میں ان کا ساتھ دیں۔
ہمیں سوشل میڈیا پر فالو کریں: فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام یا ہماری ویب سائٹ www.urdumediapakistan.online پر وزٹ کریں۔
اہم ٹیگز:
خواتین کے حقوق | شیری رحمان | پیپلز پارٹی | بے نظیر بھٹو | عورتوں کی تعلیم