تازہ ترین خبریں

پنجاب حکومت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، راولپنڈی کے مکین ڈوبنے لگے ، گلیوں میں کھڑا پانی، بیماریاں اور مشکلات میں اضافہ

 گرجا روڈ، شاہ جوان کالونی میں نکاسی آب کا سنگین مسئلہ، مکین شدید مشکلات کا شکار

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) – گرجا روڈ، یونین کونسل 87، شاہ جوان کالونی، چک جلال دین، محلہ غازی آباد، وارڈ نمبر 6-اے، ساون کالونی، دھوک سیداں میں نکاسی آب اور سیوریج کا سنگین مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ علاقے کے مکین کئی سالوں سے ناقص سیوریج سسٹم کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں، مگر متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
علاقہ مکینوں کے مطابق، سیوریج کا پانی گلیوں میں بہنے کی وجہ سے شدید تعفن پھیل رہا ہے، جس سے نہ صرف سانس کی بیماریاں جنم لے رہی ہیں بلکہ مچھروں اور دیگر حشرات کی افزائش میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ نکاسی آب کے ناقص انتظام کی وجہ سے گھروں میں پانی داخل ہو جاتا ہے، اور بارش کے دنوں میں صورتحال مزید ابتر ہو جاتی ہے۔ گزشتہ سال ایک کمسن بچہ کھلے نالے میں گر کر جاں بحق ہو گیا، جبکہ روزانہ کئی بچے اور شہری حادثات کا شکار ہو رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ متعدد بار وزیرِاعظم سٹیزن پورٹل اور وزیرِاعلیٰ پنجاب کمپلینٹ سینٹر میں شکایات درج کرائی گئیں، مگر مسئلہ حل کرنے کے بجائے صرف عارضی مرمت کرکے معاملہ رفع دفع کر دیا جاتا ہے۔ واسا اور دیگر متعلقہ ادارے بھی ذمہ داری لینے سے انکاری ہیں، جبکہ شہری مسلسل مسائل کا شکار ہیں۔ واسا حکام کا کہنا ہے کہ یہ ان کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، جبکہ کنٹونمنٹ بورڈ کا موقف ہے کہ یہ علاقہ ان کے زیر انتظام نہیں ہے۔ دوسری جانب، مکینوں کے پاس موجود رجسٹری اور انتقال پنجاب حکومت کی میٹروپولیٹن کارپوریشن سے جاری شدہ ہیں، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ یہ علاقہ پنجاب حکومت کے ماتحت ہے۔
علاقہ مکینوں نے سینئر وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی، محترمہ مریم اورنگزیب سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے اور نکاسی آب کا مؤثر نظام بنایا جائے تاکہ شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
علاقہ مکینوں نے سوال اٹھایا کہ اگر وہ پنجاب حکومت کو ٹیکس دیتے ہیں تو پھر بنیادی سہولتوں سے کیوں محروم ہیں؟ "ہم حکمران جماعت کے ووٹر ہیں، مگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔" انہوں نے حکومتِ پنجاب سے اپیل کی کہ وہ فوری ایکشن لے کر علاقے میں نکاسی آب کا مستقل حل نکالے۔
📢  اردو میڈیا پاکستان کو فالو کریں تازہ ترین خبروں کے لیے!
🔵 Facebook | 🐦 Twitter | 📲 WhatsApp | 🎥 YouTube | 📸 Instagram
🔗 مزید تفصیلات کے لیے وزٹ کریں:www.urdumediapakistan.onlin