شام سے انخلاء، ’ پاکستانیوں کو ترجیحی ویزے دیں گے ‘، لبنان کی وزیر اعظم شہباز شریف کو یقین دہانی
پاکستانیوں کے شام سے انخلاء کیلئے لبنانی ویزوں کے حصول پر فوری کام بھی شروع کردیا گیا ہے، ذرائع
تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں
لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ شام میں پھنسے پاکستانیوں کو وہاں سے نکلنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر ویزے فراہم کریں گے۔
شام کی صورتحال کے پیش نظر وہاں موجود پاکستانیوں کے انخلاء کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے لبنانی ہم منصب سے رابطہ کیا۔
رابطے کے دوران وزیراعظم نے شام سے پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے لبنانی وزیر اعظم سے مدد طلب کی۔
وزیر اعظم نے لبنانی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام کے تمام ایئرپورٹس اس وقت بند ہیں اور پاکستانیوں کا شام سے انخلاء لبنان کے ذریعے ہی ممکن ہے، شام میں 600 پاکستانی اس وقت موجود ہیں۔
شہباز شریف نے پاکستانیوں کو شام سے انخلاء کیلئے لبنان سے ویزا جاری کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ شام سے انخلاء کیلئے صرف زمینی راستے ہی استعمال ہوسکتے ہیں۔
شہباز شریف کی درخواست پر جواب دیتے ہوئے لبنانی وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی کہ 600 ہوں یا جتنے بھی پاکستانی ہوں سب کو ویزے دیں گے۔
لبنانی وزیر اعظم کا گفتگو میں یہ بھی کہنا تھا کہ لبنان میں جب بحران تھا تو پاکستان پہلا ملک تھا جس نے امداد بھجوائی۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی سفیر کو شام سے پاکستانیوں کے فوری انخلاء کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور پاکستانیوں کےانخلاء کیلئے لبنانی ویزوں کے حصول پر فوری کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان رابطے کا اعلامیہ جاری
وزیر اعظم آفس کی جانب سے شہباز شریف اور لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی کے درمیان ہونے والا رابطے کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق شہباز شریف نے لبنان کیخلاف اسرائیلی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور لبنان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کیلئےغیرمتزلزل حمایت کاعزم ظہار کیا جبکہ لبنان کیلئے جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے فلسطین کیلئے جنگ بندی پربھی زور دیا۔
اعلامیہ کے مطابق لبنان اور پاکستان کے درمیان برادرانہ اور گرمجوشی پر مبنی تعلقات کا ذکر بھی ہوا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم اس مشکل وقت میں لبنان کےعوام کےساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان نے لبنان میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کی اور مستقبل میں بھی ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم نے بیروت کے راستے شام میں پھنسے پاکستانیوں کے فوری انخلاء میں مدد کی درخواست کی جس پر نجیب میقاتی نے یقین دلایا کہ لبنان ، شام سے پاکستانیوں کے انخلا میں ہر ممکن مدد کریں گے۔
وزیراعظم نجیب میکاتی نے لبنان کی غیرمتزلزل حمایت پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اعلامیہ کے مطابق شہبازشریف نے شام اور لبنان میں تعینات پاکستانی سفرا سے بھی رابطہ کیا اور انہیں شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس
قبل ازیں پیر کے روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں شام کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پاکستانیوں کے محفوظ انخلاء کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شام سے وطن واپسی کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے ہمسایہ ممالک کے ذریعے محفوظ انخلاء کا لائحہ عمل فوری طور پر تشکیل دیا جائے جبکہ وزیراعظم نے دمشق میں پاکستانی سفارت خانے کو معلوماتی ڈیسک اور ہیلپ لائن قائم کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ شہریوں سے بروقت رابطہ کیا جا سکے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے تک دفتر خارجہ کا کرائسس مینجمنٹ یونٹ اور پاکستانی سفارت خانوں میں معلوماتی ڈیسک چوبیس گھنٹے فعال رہیں۔