خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، 22 خوارج ہلاک، 6 جوان شہید
تیسری کارروائی ٹل میں کی گئی جس کے دوران 3 خوارج ہلاک ہوئے، آئی ایس پی آر
تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں
خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 22 خوارج ہلاک جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے 6 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلع ٹانک کے علاقے گل امام میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا اور خوارج کے ٹھکانوں کو گھیرے میں لے لیا جبکہ اس دوران دہشتگردوں سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 9 خوارج ہلاک اور 6 زخمی ہوئے۔
آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی شمالی وزیرستان میں کی جہاں 10 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ تیسری کارروائی ضلع تھل میں کی گئی جس کے دوران 3 خوارج ہلاک ہوئے اور سکیورٹی فورسز نے حملے کی کوشش ناکام بنائی۔
بیان میں بتایا گیا کہ تیسری کارروائی ٹل میں کی گئی جس کے دوران 3 خوارج ہلاک ہوئے اور سکیورٹی فورسز نے حملے کی کوشش ناکام بنائی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ تینوں علاقوں میں خوارج کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم و مزید مضبوط کرتی ہیں۔
شہداء کا تعارف
39 سالہ نائب صوبیدار محمد خالد شہید کا تعلق ضلع کوہاٹ سے تھا اور انہوں نے 22 سال سے زائد دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا جبکہ ان کے سوگواران میں والدین اور اہلیہ شامل ہیں۔
35 سالہ حوالدار جدید علی شہید کا تعلق ضلع اورکزئی سے ہے اور انہوں نے 17 سال سے زائد پاک فوج میں گزارے۔
28 سالہ لانس نائیک ولائت حسین شہید ضلع کرم کے رہائشی ہیں اور انہوں نے 9 سال تک وطن عزیز کی حفاظت کی جبکہ ان کے سوگواران میں والدین اور اہلیہ شامل ہیں۔
30 سالہ لانس نائیک صفت اللہ شہید کا تعلق ضلع خیبر سے ہے اور انہوں نے 7 سال پاک فوج میں گزارے جبکہ انکے سوگواران میں بھی والدین اور اہلیہ شامل ہیں۔
27 سالہ لانس نائیک شہید رحمان شہید کا تعلق کرم سے ہے اور انہوں نے 8 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا جبکہ انکے سوگواران میں والدین شامل ہیں۔
27 سالہ سپاہی نظام الدین شہید کا تعلق ساؤتھ وزیرستان سے ہے جنہوں نے 5 سال کا عرصہ پاک فوج میں گزارا اور ان کے سوگواران میں والدین شامل ہیں۔
صدر مملکت کا خراج تحسین
صدر مملکت آصف زرداری نے فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ 22 خوارج کو ہلاک کرنا بڑی کامیابی ہے، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر مملکت نے کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے 6 بہادر جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس بھی کیا۔
انکا کہنا تھا کہ شہدا کو خراج عقیدت، پوری قوم اُنہیں سلام پیش کرتی ہے، دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔
انہوں نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار بھی کیا۔
وزیر اعظم کی شاباش
وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سے کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی گئی اور انہیں شاباش دی گئی۔
اپنے پیغام میں شہباز شریف نے 6 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار بھی کیا اور شہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رکھیں گے اور پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیر داخلہ کا ردعمل
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور 6 جوانوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔
اپنے پیغام میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے، اُنکے خاندانوں کیساتھ ہمیشہ ساتھ رہیں گے، ملک سے خوارج کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔