سکیورٹی فورسز کی 2 مختلف کارروائیوں میں 8 خوارج ہلاک، کیپٹین سمیت 2 جوان شہید
بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، آئی ایس پی آر
تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں
خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی 2 مختلف کارووائیوں کے دوران 8 خوارجی دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 2 جوان بھی شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بنوں کےعلاقے بکاخیل میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا جس کے دوران 5 خوارج ہلاک اور 9 زخمی ہوئے۔
آپریشن کے دوران جھنگ سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ سپاہی افتخار حسین نے جام شہادت نوش کیا۔
شگئی میں آپریشن
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے شگئی میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 3 خوارج مارے گئے جبکہ 2 کو گرفتار کرلیا گیا۔
دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لاہور سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ کیپٹن محمد زوہیب الدین شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کیخلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
علاقے میں خوارج کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وزیر اعظم کا خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی گئی اور شہید ہونیوالے کیپٹن محمد زوہیب الدین اور سپاہی افتخار کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
وزیراعظم نے پاک فوج کے شہدا کی بلندی درجات اور انکے اہلخانہ کیلئے صبر کی دعا بھی کی۔
اپنے خصوصی پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی عفریت کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے، پاک فوج کے افسران و اہلکار اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ملک کی دشمنوں سے حفاظت میں مصروف عمل ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں پر فخر ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، دہشتگردوں اور ملک دشمنوں کے پاکستان میں انتشار کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اپنے مستقبل کو اس ملک پر نچھاور کرنے والے جری و بہادر جوان اور ایثار کے جذبے سے سرشار انکے اہل خانہ پوری پاکستانی قوم کا فخر ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیر داخلہ کا بیان
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو بہادر سکیورٹی فورسز پر ناز ہے، خارجی دہشتگردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے اور قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔