کرم میں جھڑپیں گیارہویں روز بھی جاری، مجموعی اموات 130 ہوگئی
لوئر کرم میں فائر بندی، اپر کرم میں قیام امن کیلئے کوششیں جاری ہیں
تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں
ضلع کرم میں قبائل کے مابین جھڑپیں گیارہویں روز بھی جاری ہے۔ مجموعی طور پر جاں بحق افراد کی تعداد 130 جبکہ 186 زخمی ہوگئے ہیں۔ لوئر کرم میں فائر بندی کرادی گئی اپر کرم میں جھڑپیں روکوانے اور قیام امن کیلئے کوششیں جاری ہیں
پولیس اور اسپتال ذرائع کے مطابق ضلع کرم میں قبائل کے مابین فائرنگ کا سلسلہ گیارہویں روز بھی جاری ہے تازہ جھڑپوں میں مزید 6 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے ہیں۔
لوئر کرم کے علاقہ صدہ بالش خیل خارکلے سنگینہ ، بگن علیزئی اور بادشاہ کوٹ میں انتظامیہ پولیس فورسز اور عمائدین کے تعاون سے جھڑپیں بند کرادی ہیں اور مورچوں سے مسلح قبائل کو ہٹاکر وہاں پولیس اور فورسز کے دستے تعینات کردئیے گئے ہیں۔
اپر کرم کے علاقے پیواڑ تری منگل مقبل کنج علیزئی کے مابین جھڑپیں روکوانے کی کوششیں جاری ہیں ضلع کرم میں اکیس نومبر کو لوئر کرم کے علاقے اوچت مندوری میں پاراچنار سے پشاور اور پشاور سے پاراچنار سیکورٹی فورسز کی کانوائے میں جانے والے مسافر گاڑیوں پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے تقریبا 50 افراد جاں بحق متعدد زخمی ہو گئے تھے۔