تازہ ترین خبریں

شہید پولیس کانسٹیبل مبشرکی نمازجنازہ ادا، ذمہ داروں کو سزا ملے گی : محسن نقوی

 

راولپنڈی: پی ٹی آئی احتجاج کے دوران شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل مبشربلال کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔

نمازجنازہ میں وزیرداخلہ محسن نقوی ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس اور عسکری افسران سمیت مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

نماز جنازہ ادا کرنےکے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کانسٹیبل مبشر فرائض سرانجام دیتے ہوئےشہید ہوئے، ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائےگی۔

انہوں نے کہا کہ شہید کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، گولی کا جواب گولی سے دینا بہت آسان تھا، احتجاج کی کال دینے والےشہادت کےذمہ دار ہیں، اسلام آباد پولیس کےدوجوانوں کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اہلکاروں پرگولیاں چلائی گئیں، سب پرایف آئی آردرج کی جائیں گی۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ قیام امن کےلیےپولیس اپنا کردارادا کرتی رہےگی، پنجاب پولیس شہدا اورغازیوں کی امین ہے، پولیس اہلکارکی شہادت کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، مظاہرے کےدوران119پولیس اہلکارزخمی ہوئے، پولیس کی22سےزیادہ گاڑیوں کونقصان پہنچایا گیا ہے۔