چیمپیئنز ٹرافی کا مستقبل کیا ہوگا؟ فیصلہ کل متوقع
بورڈمیٹنگ میں مائنس انڈیا فارمولے پر غور متوقع
تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں
چیمپیئنز ٹرافی کہاں ہوگی؟ فیصلہ کل آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ میں متوقع ہے۔ ورچوئل میٹنگ میں ہائبرڈ ماڈل اور مائنس انڈیا فارمولے سمیت مختلف آپشنز پرغور کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی پر واضح کردیا کہا ہائبرڈ ماڈل اپنایا گیا تو آئندہ بھارت جائیں گے نہ ہی انڈیا سے نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا زخم کھاسکتے ہیں لیکن بے عزتی برداشت نہیں کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹنگ میں 3 آپشنز پر غور متوقع ہے ۔ پہلا آپشن پاکستان میزبان کرے لیکن بھارت کے میچز نیوٹرل وینیو پر کرائے جائیں ۔ دوسرا آپشن تمام میچزنیوٹرل وینیوپرمنتقل ہوں لیکن میزبانی کے حقوق پاکستان کے پاس رہیں۔ تیسرا آپشن پاکستان میزبان کرے بھارت چھٹی کرے۔ تاہم آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ میں طے ہوگا چیمپیئنز ٹرافی کا میزبان پاکستان رہے یا ہائبرڈ ماڈل اپنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے آئی سی سی بورڈ میٹنگ آج آدھا گھنٹہ جاری رہنے کے بعد کل تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔ آج کے اجلاس میں تمام بورڈز سے ون لائن تجاویز پوچھی گئیں، تمام بورڈ ممبران نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے چند تجاویز دیں۔
قبل ازیں عالمی خبررساں ایجنسی سے گفتگو میں آئی سی سی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ رواں ہفتے کو آئی سی سی اجلاس میں اس حوالے سے بات کی جائے گی تاہم ترجمان نے اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی آئندہ سال پاکستان میں ہونی ہے جبکہ انڈیا پہلے ہی پاکستان آنے سے انکار کر چکا ہے۔ انڈیا کے انکار کے بعد سے چیمپیئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے طرح طرح کی خبریں سامنے آرہی ہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ اس ٹورنامنٹ کو پاکستان میں ہی کروانے کے فیصلے پر کھڑا ہے اور انڈیا کے میچز کسی دوسرے ملک میں کروانے کی تجویز کو مسترد کر چکا ہے۔
یہ ٹورنامنٹ 19 فروری سے نو مارچ تک پاکستان میں ہونا ہے تاہم تاحال ایسا کوئی شیڈول جاری نہیں کیا جا سکا ہے کہ کون کس سے کب کھیلے گا۔