تازہ ترین خبریں

حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار، قافلہ چونگی نمبر 26 پر موجود


اسلام آباد: (اردو میڈیا پاکستان) حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے مذاکرات میں ڈیڈلاک برقرار ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کا پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ ختم ہو گیا۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا سے آنے والا تحریک انصاف کا قافلہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور اور بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قیادت میں چونگی نمبر 26 پر موجود ہے۔

اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں کنٹینرز لگا کر راستوں کی بندش برقرار ہے، جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔

تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں تعلیمی ادارے کل بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ میٹرو سروس معطل ہے۔

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک رواں دواں ہے، لاہور رنگ روڈ کو بھی دو روزہ بندش کے بعد ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔