"آج کا دن دنیا کی تاریخ کا سب سے عظیم اور مقدس دن ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اس دن خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کو دنیا میں مبعوث فرمایا
اسپیکر قومی اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر کا عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر خصوصی پیغام
اسلام آباد، 17 ستمبر 2024: آج کے دن، جسے عید میلاد النبی ﷺ کے طور پر منایا جاتا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے اہل اسلام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے پیغامات میں نبی آخر الزمان حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کی اہمیت اور ان کی تعلیمات پر زور دیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا پیغام:
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے پیغام میں کہا:
"آج کا دن دنیا کی تاریخ کا سب سے عظیم اور مقدس دن ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اس دن خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کو دنیا میں مبعوث فرمایا۔ نبی کریم ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری پوری کائنات کے لیے باعث رحمت اور سعادت ہے۔ نبی کریم ﷺ کا اسوہ حسنہ تمام انسانیت کے لیے زندگی بسر کرنے کا عملی نمونہ ہے، اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔"
سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ "نبی کریم ﷺ کی ذات امن، محبت، صداقت، اور ایمانداری کی علامت ہے، اور ان کی زندگی قرآن مجید کی مکمل تفسیر ہے۔ ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا کو امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔"
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ کا پیغام:
ڈپٹی اسپیکر سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا:
"12 ربیع الاول ہمیں رحمت اللعالمین ﷺ کی ولادت کا جشن منانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ نبی اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت تمام انسانیت کے لیے ایک عظیم تحفہ ہے، اور ان کی سیرت مبارکہ ہمیں انصاف، محبت، اور امن کا پیغام دیتی ہے۔ نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ ہمارے لیے ہدایت کا منبع ہے اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ایک منصفانہ، پرامن، اور ہم آہنگ معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔"
ڈپٹی اسپیکر نے اس موقع پر دعا کی کہ "اللہ تعالیٰ آقا دو جہاں خاتم النبیین ﷺ کی امت پر اپنا خصوصی رحم و کرم فرمائے اور کشمیری و فلسطینی عوام سمیت تمام مظلوموں کی مدد فرمائے۔"