اسپیکر قومی اسمبلی کا امن کے فروغ کے لیے عالمی اتحاد پر زور
اسلام آباد؛ 20 ستمبر 2024: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ دیرپا امن کے قیام کے فروغ کے لیے عالمی اتحاد، رواداری اور مذاکرات ضروری ہیں۔ انہوں نے تنازعات کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن کا فروغ انسانیت کی ترقی اور بہبود کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار عالمی یوم امن کے موقع پر کیا جو ہر سال 21 ستمبر کو دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام منایا جاتا ہے۔
اسپیکر نے امن کے فروغ کے لیے سفارت کاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اقوام کے مابین رابطوں اور افہام و تفہیم کے ذریعے دیرپا امن لایا جا سکتا۔ اسپیکر نے کہا تشدد اور طاقت کے استعمال سے دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ باہمی احترام، تعاون اور انصاف کے عزم کے ذریعے ہی امن کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر انسانی حقوق کی پاسداری اور مساوات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ امن محض جنگ کی عدم موجودگی نہیں بلکہ ہم آہنگی، انصاف اور تنوع کے احترام کی موجودگی سے حاصل ہوتا ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ پاکستان فلسطین اور کشمیر سمیت تمام تر تنازعات کے منصفانہ حل کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مظلوم فلسطینی اور کشمیری عوام کے حقوق خود ارادیت کی جدو جہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے حق خود ارادیت کیلئے جدو جہد کر رہے ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ کشمیر، فلسطین سمیت دنیا میں دیگر تنازعات کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔
اسپیکر نے کہا کہ اسلام امن ،محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ،اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔
اسپیکر نے اقوام عالم کو امن اور انصاف کے حصول کیلئے ایک مشترکہ لائحہ عمل اپنانے اور اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئیں سب ملکر تنازعات کے خاتمے، انسانی حقوق کو برقرار رکھنے اور آزادی کے لیے جدو جہد کرنے والوں کو ان کا جائر حق دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اسپیکر نے آنے والی نسلوں کے لیے اتحاد اور رواداری پر مبنی ایک پرامن اور خوشحال مستقبل کے مل کر کردار ادا کر نے بھی کی ضرورت پر زور دیا