وزیراعظم سے تاجکستان کے سفیر کی ملاقات
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے تاجکستان کے سفیر عزت مآب شریف زادہ یوسف طائر کی آج وزیر اعظم ہاؤس میں ملاق ہوئی
PMO |
اسلام آباد: 26 جولائی 2024۔
وزیراعظم نے تاجک سفیر کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں ان کی تعیناتی کی مدت کی کامیابی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ رواں ماہ دوشنبہ کے اپنے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ وہ تاجک صدر امام علی رحمن کے پرتپاک خیرمقدم سے بے حد متاثر ہوئے اور دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے مابین نتیجہ خیز بات چیت ہوئی۔
اپنے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں/معاہدوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے زور دیا کہ ان پر بروقت عمل درآمد سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے صدر رحمن کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کو دھرایا اور ساتھ ہی انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس سال اکتوبر میں اسلام آباد میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں تاجکستان کی شرکت کا منتظر ہے۔
تاجک سفیر نے وزیر اعظم کو تعلیم، زراعت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور زمینی و فضائی راستوں کے ذریعے روابط کو بڑھانے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو تاجک سفیر سے روابطہ کرکے ان تجاویز پر عملدرآمد کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت دی۔ ملاقات میں CASA-1000 سمیت علاقائی روابط کے دیگر منصوبے بھی زیر بحث آئے۔
تاجک سفیر نے وزیر اعظم کے خیر مقدم کا شکریہ ادا کیا، وزیر اعظم کو تاجک صدر کی جانب سے مبارکباد پیش کی اور پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔