تازہ ترین خبریں

عمران خان سائفر کیس میں بری، جعلی کیس بنانیوالے حساب کیلئے تیار رہیں، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

 

عمران خان سائفر کیس میں بری، جعلی کیس بنانیوالے حساب کیلئے تیار رہیں، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

وفاق ہمارے حقوق نہیں دے رہا، اس کے خلاف مارچ کریں گے، علی امین گنڈا پور کا اسمبلی میں خطاب

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان سائفر کیس میں بری ہوگئے ہیں، جعلی کیس بنانے والوں سے حساب لیں گے، وہ حساب کے لئے تیار رہیں ، لوڈ شیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کے غریب عوام کو مفت سولرائزیشن کی سہولت دیں گے، دیگر افراد کو نصف خرچے پر سولر سہولت دیں گے۔

پیر کو خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ سے گاڑیاں نکالنے والے بھی حساب دیں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ پاکستان توڑنے والے کمیشن کی رپورٹ کھولی جائے، جس نے کھولنے کا نام لیا ہے اسے غدار قرار دیا جارہا ہے، کبھی غدار اور کبھی دوسرا الزام عوام، لیکن اب بے وقوف نہیں ہے، غلطیاں مانی جائیں مزید غلطیاں نہ کی جائیں۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ قبائل نے اس ملک کے لئے قربانیاں دیں لیکن ان کے وسائل نہیں دیئے جا رہے، ہر مشکل وقت میں قبائل نے اپنا کردارادا کیا اب ان کو حقوق دینےہوں گے، ضم اضلاع کے سو ارب نہیں ملیں گے تو اس کا ردعمل آئے گا جس کے لئے وفاق تیار رہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق ہمارے حقوق نہیں دے رہا، اس کے خلاف مارچ کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ صحت کارڈ کی رقم 36 ارب روپے تک بڑھا رہے ہیں جبکہ علاج کی سہولت 10 لاکھ سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کریں گے، عرصہ دراز سے جاری 500 ترقیاتی منصوبوں کو اس سال مکمل کریں گے، ترقیاتی منصوبے صرف تختیوں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ہر سیکٹرمیں ترقی ہوگی نادر شاہی حکم نہیں چلےگا بلکہ نمائندوں کی مشاورت سے کام ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق اگر صوبے کے ترقیاتی پراجیکٹ روکے گا تو چھوڑیں گے نہیں، رد عمل آئے گا اور پھر پور طریقے سے آئے گا، وفاق تعلیم کے بجٹ میں کٹوتی کررہا ہے لیکن ہم چھوڑیں گے نہیں، اگروفاقی حکومت کا ایسے ہی گھر جانے کا پروگرام بنایا تو خود چلے جائیں ہمیں دھکے دے کر نکالنے پر مجبور نہ کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے کے نوجوان کو آسان قرضوں اور ہنرمند بنانے کے لئے پندرہ ارب روپے مختص ہیں، توانائی کی کمی کے لئے تمام سرکاری دفاتر اور رہائش گاہوں کی سولرائزیشن کریں گے، لوڈ شیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کے غریب عوام کو مفت سولرائزیشن کی سہولت دیں گے، دیگر افراد کو نصف خرچے پر سولر سہولت دیں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری مہم کے تحت سرکاری دفاتر کے سرکاری بجلی کے بل بیس فیصد کم نہیں ہونگے وہ اپنے جیب سے دینگے، امن وامان یقینی بنانے کے لئے پولیس اور فورسز کو مستحکم کریں گے، وفاق ہمیں رقم دے تاکہ سیکیورٹی کے لئے وسائل دیے جا سکیں۔

شہدا کے اہلخانہ کیلئے اعلان

وزیر اعلیٰ کی جانب سے تمام شہداء کے اہل خانہ کو پانچ مرلہ پلاٹ دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔

بجٹ

علی امین کا کہنا تھا کہ بجٹ تجاویز پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ممبران کی تجاویز پر عمل درآمد کریں گے، صوبائی بجٹ 11 ہزار روپے کے وفاقی بجٹ کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا، انشاء اللہ وفاق سے زیادہ رقم ملے گی کوئی پریشان نہ ہو، وفاق کی گروتھ ریٹ صرف ایک فیصد پر آگئی ہے، پی ٹی آئی دور میں گروتھ ریٹ 5 عشاریہ 6 تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق سے حساب کرنا آتا ہے اپنا حق لینگے، بجلی کا نیٹ پرافٹ 90 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے جو ہمیں نہیں مل رہا، وفاق ہمیں ہمارے حقوق نہیں دے رہا، ہم سب کو ملکر اس کے لئے آواز اٹھانا ہوگی، وفاق سے اپنے صوبے کا حق ضرور لیں گے۔