نازش حسنین امریکہ میں۔۔۔۔۔۔امریکہ ڈائری
قسط نمبر۔۔۔۔91
عنوان: یوم یاد گار۔۔۔ میموریل ڈے
آج پیر ہے۔ مئی کا آخری پیر۔ آج امریکہ بھر میں سرکاری چھٹی ہے کیونکہ آج "یوم یادگار" یعنی میموریل ڈے منایا جا رہا ہے۔
میموریل ڈے یعنی یوم یادگار پر امریکہ کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا قیمتی نذرانہ پیش کرنے والے امریکی مسلح افواج کے مردوزن اہلکاروں اور افسران کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ یہ دن بھی دیگر اہم ایام کی مانند امریکی معاشرے کا اہم دن بن چکا ہے۔ جسے اگر اہم۔قومی تہوار کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔
یہ تہوار مئی کے آخری پیر کو منایا جاتا ہے۔ موسم۔کے اعتبار سے یہ وہ وقت ہوتا ہے جب موسم کروٹ بدل رہاہوتا ہے اور سکول اور یونیورسٹیاں گرمیوں کی چھٹیوں کے لیے بند ہو نے کے قریب ہوتی ہیں۔ یوں اگر یہ۔کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کہ مریکیوں کے نزدیک" یوم یادگار" سے موسم گرما کا غیر سرکاری آغاز ہوتا ہے۔
امریکہ بھر کےبڑے شہروں میں فوجی پریڈ ہوتی ہے۔ چونکہ سرکاری تعطیل ہوتی ہے اس لیےبہت سے لوگ پریڈ دیکھنے جاتے ہیں۔ کچھ ساحلوں کی ہواوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے "بیج" کا رخ کرتے ہیں۔ کچھ اپنے دوستوں اور گھر والوں کے ساتھ مل کر گھر سے باہر بار بی کیو سے حظ اٹھاتے ہیں۔
تاہم بنیادی طور پر میموریل ڈے وہ دن ہے جب امریکی اُن افراد کی قربانیوں کی یاد مناتے ہیں جنہوں نے
فوجی خدمات سرانجام دیتے ہوئے اپنی جانیں دیں۔
میموریل ڈے یعنی "یوم یادگار"کب سے اور کیوں۔منایا جاتا ہے تو اس کاجواب یہ ہےکہ امریکہ میں خانہ جنگی 1868 میں ختم ہو گئی تھی مگر امریکی عوام کےاپنے پیاروں کو کھو دینے کے زخم ہرے تھے۔ اس وقت یونین ویٹرنز گروپ کے کمانڈر ان چیف جنرل جان اے لوگن نے 30 مئی کو ان چھ لاکھ بیس ہزار سے زاہد ان امریکی فوجیوں کو نذرانہ عقیدت پیش کرنے کا دن قرار دیا،جو طویل امریکی خانہ جنگی کے دوران مارے گئے تھے۔ ان۔فوجیوں کی قبروں پر پھول چڑھائے گئے۔
اس دن کے تقریباً 50 سال بعد پہلی عالمی جنگِ عظیم کا خاتمہ ہوا۔ اس وقت تک یہ دن" پھول چڑھانے کی تقریب" کے طورپر منایا جاتا تھا۔ اس کے بعد اسے میموریل ڈے کا نام دے دیا گیا اور اس تاریخ کو ان تمام امریکی فوجیوں کی یاد میں قومی سطح پر منایا جانے لگا جنہوں نے امریکہ کی جنگوں میں کسی بھی مقام پر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
اس دن کی اہمیت اور مناسبت سے صدر لنکن نے کہا تھا: "جنگ اور تنازعات، موت اور نقصان ہی صرف امریکی تاریخ کی باقیات نہیں بلکہ یہ امریکہ کی داستان کا ایک حصّہ ہیں۔ یہاں آرلنگٹن کے قومی قبرستان میں ہمارے وہ ہیرو دفن ہیں جنہوں نے قربانی کی آخری حدوں کو پار کر لیا تھا۔"
میں نے کل شام پروگرام ترتیب دیا تھاکہ صبح ہوتے ہی قریبی قبرستان جاوں گا ممکن ہے کہ اس وقت کسی گم نام سپاہی کی قبر پر کوئی تقریب ہو رہی ہو۔ اس کے بعد چیکوپی جاوں گا جہاں ہرسال یوم یادگار لی مناسبت سے پریڈ ہوتی ہے لیکن میرے ارمانوں پر اس وقت اوس پڑ گئی جب صبح سے ہی بارش کے سبب مزکورہ دونوں انواع کی تقاریب منسوخ کر دی گئی۔
نوٹ:
میموریل ڈے کی مناسبت سے انٹر نیٹ سے حاصل کردہ تصاویر حاضر خدمت ہیں۔
27 مئی 2024
حسنین نازش
امریکہ
جاری ہے۔۔۔۔