نازش امریکہ میں۔۔۔۔۔۔امریکہ ڈائری
قسط نمبر۔۔۔۔90
عنوان: امریکی بلے کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری
میرے والد محترم نے کبھی بھی گھر میں پالتو جانور جیسے بلی کتے وغیرہ نہیں پالے تاہم انہیں طوطے پالنے کا شوق تھا۔ آخری عمر میں ان کا پالا ہوا "را" طوطا ان سے باتیں کرتا تھا۔ والد صاحب کی وفات کے تیسرے ہی دن ابو کونہ پا کر اس طوطے نے بھی جان دے دی تھی۔
میری بیٹی انشراح حسنین کو البتہ بلیاں پالنے کا شوق ہے۔ جنجر اورمیکس نام کی پرشین بلیاں ہمارے گھر میں پلی بڑھیں اور ناگہانی اموات کے سبب اللہ کو پیاری ہو گئیں آج کل انشراح کے پاس ایک چھوٹی سی پرشین بلی پھر سے پل رہی ہے۔ پہلے کی دوانگریزی ناموں والی بلیوں کی۔ناگہانی اموات سے خوف زدہ انشراح نے اس بار بلی کا نام "جاناں" رکھا ہے۔ اللہ "جاناں" کو لمبی عمر اور طبعی موت عطا فرمائے۔
آج انشراح سے اس کی بلی "جاناں" کے متعلق بات ہوئی۔ اس نے بلی کی تصاویر اور کھیلتے کودتے ہوئے بنائی گئی چھوٹی چھوٹی ویڈیوز مجھے بھیجیں۔ اس کے ساتھ ہی اس نے مجھے بتایا کہ بابا:
"امریکہ کی ایک یونیورسٹی نے اپنے کیمپس میں رہنے والے بلےمیکس کو ادب((Litter-ature ) کی اعزازی پی۔ایچ ڈی کی ڈگری دے دی ہے۔"
اگرچہ مجھے علم تھا کہ 2020 میں، موس نامی آٹھ سالہ تھراپی کتے نے ورجینیا ٹیک یونیورسٹی میں ویٹرنری میڈیسن میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری حاصل کی تھی کیونکہ اس نے ہزاروں طلباء کی مدد کی تھی۔
اس کے علاوہ میرے مطالعے میں یہ خبر بھی شامل تھی کہ 2016 میں ڈاکٹر ٹیڈی نامی ایک 19 سالہ گھوڑے کو یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ڈیوس نے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری عطا کی تھی لیکن کسی بلے کو کس بنا پر یونیورسٹی نےڈاکٹریٹ کی اعزاِزی ڈگری دی ہوگی؟
جب انشراح سے اس متعلق پوچھا تو اس نے بتایا:
"اس بلے کا نام" میکس" ہے جو چار برسوں سے ڈاو فیملی کے گھر ہی کا ایک فرد ہے جو
Vermont State University's Castleton campus
کے مرکزی دروازے کے نزدیک رہتا ہے۔ اس نے بھی یونیورسٹی کے طلباء کے ساتھ گھومناپھرنا شروع کردیا۔ وہ گھنٹوں اپنے مانوس طلباء کے ساتھ ان کے کمرہ جماعت میں بیٹھا (لیکچر سنتا) رہتا۔"
"گویا اس نے بھی کلاسز لیں، ہوم۔ورک کیا، اسائمنٹس جمع کروائیں اورامتحان دئیے اس لیے اسے پی ایچ ڈی کی ڈگری عطا کی گئی؟" میں نے انشراح کو چھیڑتے ہوئے پوچھا۔
"نہیں بابا! میکس یونیورسٹی کیمپس میں تقریباً چار سالوں سے چوہے مارنے کے علاوہ سماجی کام بھی کر رہا ہے۔ طلباء اسے دیکھتے ہی خوش ہو جاتے ہیں گویا وہ۔خوشیاں بانٹ رہا ہے۔ طلباء اسے گود میں لیتے ہیں اور اس کے ساتھ سیلفیاں بھی لیتے ہیں۔ میکس مختلف انداز (سٹائل) بنا کر سیلفیاں لیتا ہے۔ اور تو اور بابا وہ طلباء کے ساتھ سیر و تفریح پر بھی جاتا ہے۔"
انشراح سے بات چیت کے بعد میں نے بھی گوگل چچا کی خدمات لیں تو میری معلومات میں اضافہ ہوا کہ اس بلے کی مالکن کا نام مسز ڈاؤ ہے۔ انہیں یونیورسٹی کے طلباء میکس کی ماں کہتے ہیں۔
Vermont State University's Castleton campus
کی فیکلٹی کی جانب سے منظوری کے ساتھ ورمونٹ اسٹیٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز نے میکس ڈاؤ کو ڈاکٹر آف لیٹر ایچر کا باوقار ٹائٹل عطا کیا ہے۔
اگرچہ ڈاکٹر میکس ہفتے کو ہونے والی اپنی گریجویشن تقریب میں حصہ نہیں لے گا تاہم اس کی ڈگری بعد میں اس کی مالکن مسز ڈاؤ کو دے دی جائے گی۔
اگرچہ میں اپنی خواہش کے باوجود پی ایچ ڈی نہ کرسکا مگر یہاں دل سے اس امریکی بلے کو تہنیتی پیغام دہتے ہوئےکہتا ہوں:
"مبارک ہو ڈاکٹر میکس ڈاؤ!"
نوٹ:
1. بلے ڈاو میکس ، اس کی یونیورسٹی اور اس کی ڈگری کی تصاویر ملاحظہ فرمائیے۔
2.سفید بلی "جاناں"میری منجھلی بیٹی انشراح حسنین کی پالتو بلی ہے۔
26 مئی 2024
حسنین نازش
امریکہ
جاری ہے۔۔۔۔