تازہ ترین خبریں

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے سعودی عرب کے سفیر کی ملاقات

 اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے سعودی عرب کے سفیر کی ملاقات

 ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین موجود دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ

 اسلام آباد: 23 اپریل 2024؛  سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک-سعودی عرب تعلقات مذہب، ثقافت، تاریخ اور باہمی اعتماد اور احترام کے اٹوٹ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سعودی عرب کے ساتھ سماجی و اقتصادی شعبوں میں تعاون اور شراکت داری کو وسعت دینے کے لیے پر عزم ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ہونے والی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، جہنوں نے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔ 

اسپیکر نے مزید کہا کہ پاکستان کی عوام خادمین الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور مملکت سعودی عربیہ کے عوام کے لیے گہری وابستگی اور بے فناہ احترام  ​​رکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں برادر ممالک اہم عالمی اور علاقائی مسائل پر متفقہ موقف رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کی خوشیاں اور دکھ درد مشترکہ ہیں۔انہوں نے پارلیمانی سطح پر دوطرفہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی سفارت کاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ پارلیمانی وفود کے تبادلے اور پارلیمانی دوستی گروپوں کے درمیان رابطوں سے دونوں  ممالک کی عوام کو قریب لانے میں مدد ملے گی۔ 

 اسپیکر قومی اسمبلی نے باہمی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔انہوں نے پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے سعودی عرب کی حمایت اور تعاون کو قابل تحسین قرار دیا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سعودی عرب کے عزم کا خیر مقدم کیا۔اسپیکر نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جس سے سعودی عرب کے سرمایہ کار استفادہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو سہولیات اور تعاون فراہم کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔اسپیکر نے سفیر کو بتایا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی کی جانب سے سعودی عرب کے مجلس شوریٰ کے چیئرمین کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کا دعوت نامہ ارسال کر دیا گیا ہے۔

 سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد الملکی نے پاکستان سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے، خادم الحرمین الشریفین کے لیے نیک خواہشات کے اظہار پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا سعودی عرب کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے عوام اور حکومت پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان دیکھنے کے خواہش مند ہیں اور اس سلسلے میں سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔