*شاعر مشرق علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور افکار کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کا جذبہ پیدا کیا،سپیکر و ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی*
*شاعر مشرق علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور افکار کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کا جذبہ پیدا کیا،سپیکر و ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی*
*مسلم اُمہ کو درپیش مسائل کا حل علامہ محمد اقبال کی تعلیمات میں مضمر ہے، سردار ایاز صادق*
اسلام آباد، 21 اپریل 2024: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال عظیم شاعر اور مفکر تھے انہوں نے اپنی شاعری اور افکار کے ذریعے برِصغیر کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا اور ان میں آزادی کا جذبہ پیدار کیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کی شاعری دور حاضر میں بھی مسلم اُمہ کے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے، ان کے افکار و نظریات پر عمل پیرا ہو کر مسلم اُمہ کو درپیش مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ محمد اقبال کی 86 ویں برسی کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا جو ہر سال21 اپریل کو ملک بھرمیں عقیدت و احترام سے منائی جاتی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال وہ عظیم رہنما تھے، جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک آزاد مسلم ریاست کا تصور پیش کیا، جو آگے چل کر پاکستان کی شکل میں معرض وجود میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال نے قائد اعظم محمد علی جناح کو برصغیر کے مسلمانوں تحریک آذادی کی قیادت سنبھالنے پر آ آمادہ کیا جن کی قائدانہ صلاحیت کی بدولت ایک آزاد مسلم ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق کا مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا خواب جہاں وہ اپنے مذہبی عقائد اور رسم و رواج کے مطابق زندگی بسر کر سکیں کسی نعمت سے کم نہیں تھا۔
اسپیکر نے کہا کہ اس وقت مسلم اُمہ ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے، فلسطین اور کشمیر میں مسلمان ظلم و بربریت کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم اُمہ کو درپیش مسائل کا حل حکیم الامت علامہ محمد اقبال کی تعلیمات ونظریات میں مضمر ہیں جن اپنا کر مسلم اُمہ کو درپیش مسائل سے حل نکالا جاسکتا ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ علامہ اقبال کا اسلامی معاشرے کا تصور کائناتی ہے اور جغرافیائی اور قومیت کی حدود و قیود سے بالا تر ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین پر زور دیا اور ان کے نزدیک تعصب اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال ایک ایسے پرامن اور اعتدال پسند معاشرے کا قیام چاہتے تھے جس میں بلا امتیاز ونسل اور مذہب و انصاف پر مبنی مساوی حقوق میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ خصوصاً بر صغیر کے مسلمانوں کو متحد کرنے کے لیے علامہ محمد اقبال کی جہدوجہد اور کوششوں کو تاریخ میں ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا۔
اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ علامہ اقبال مفکر پاکستان تھے انھوں نے 1930 میں اپنے خطبہ آلہ آباد میں ایک آزاد مسلم ریاست کا تصور دیا جو آگے چل کر پاکستان کی صورت میں معرض وجود میں آیا۔ انہون نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی تعلیمات کو اپنا کر مسلم اُمہ خصوصاً پاکستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔